سری لنکا:ایسٹر بم دھماکے نہ روکنے پر سابق پولیس چیف اور سابق سیکرٹری دفاع کو سزائے موت

یہ مقدمہ قانونی طور پر کئی مراحل سے گزرا۔ 2022 میں ہائی کورٹ کے ایک بنچ نے دونوں ملزمان کو بری کر دیا تھا،

August 1, 2026 · بام دنیا

کولمبو: سری لنکا کی خصوصی ہائی کورٹ نے 2019 کے ایسٹر سنڈے خودکش بم دھماکوں کو روکنے میں مبینہ مجرمانہ غفلت برتنے پر سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پوجتھ جے سندرا اور سابق سیکرٹری دفاع ہماسری فرنینڈو کو سزائے موت سنا دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ دونوں اعلیٰ حکام کو ممکنہ حملوں سے متعلق پیشگی انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہونے کے باوجود شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

تین رکنی عدالتی بنچ نے دو کے مقابلے میں ایک کی اکثریت سے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ملزمان کو مجرم قرار دیا، جبکہ ایک جج نے اختلافی نوٹ میں بریت کی رائے دی۔ عدالت کے مطابق حکام کی غفلت کے باعث ہونے والے خودکش حملوں میں 279 افراد جان سے گئے جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوئے۔

یہ مقدمہ قانونی طور پر کئی مراحل سے گزرا۔ 2022 میں ہائی کورٹ کے ایک بنچ نے دونوں ملزمان کو بری کر دیا تھا، تاہم بعد ازاں سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نئے سرے سے ٹرائل کا حکم دیا، جس کے بعد خصوصی عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔

اگرچہ عدالت نے دونوں سابق حکام کو سزائے موت سنائی ہے، تاہم سری لنکا میں 1976 سے سزائے موت پر عملدرآمد معطل ہے۔ اس لیے قانونی ماہرین کے مطابق دونوں کو عملی طور پر عمر قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دونوں ملزمان کو فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کا حق بھی حاصل ہے۔