پاکستان کرکٹ کی خدمت میرا مقصد، کام کرنے کی آزادی ملنی چاہیے:یونس خان
وہ کسی عہدے یا اختیار کے خواہاں نہیں، بلکہ ملک میں کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹر یونس خان نے کہا ہے کہ ان کی خواہش صرف پاکستان کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے، اس کے لیے انہیں آزادانہ طور پر کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
کراچی میں یونس خان اکیڈمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کسی عہدے یا اختیار کے خواہاں نہیں، بلکہ ملک میں کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنا چاہتے ہیں۔
یونس خان نے کہا کہ اکیڈمی کے ذریعے نوجوان کرکٹرز کو بہتر تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ مستقبل میں باصلاحیت کھلاڑی قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور اس کی درست رہنمائی ناگزیر ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ وہ ہمیشہ میرٹ، سچ اور حق کی بات کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی اسی اصول پر قائم رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد صرف کرکٹ کی بہتری اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہے۔
یونس خان نے کراچی میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں مناسب مواقع اور رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی اکیڈمی کے ذریعے نوجوان کرکٹرز کو آگے بڑھانے اور پاکستان کرکٹ کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔