پیرو میں سیاحوں کا طیارہ گر کر تباہ،13 افراد جان کی بازی ہار گئے
طیارہ مشہور تاریخی مقام نازکا لائنز کے اوپر فضائی سیر کر رہا تھا۔ طیارے میں 11 سیاح اور دو پائلٹ سوار تھے
لیما: جنوبی امریکی ملک پیرو میں سیاحوں کو لے جانے والا ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر گر گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 13 افراد جان کی بازی ہار گئے
مقامی حکام اور میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ مشہور تاریخی مقام نازکا لائنز کے اوپر فضائی سیر کر رہا تھا۔ طیارے میں 11 سیاح اور دو پائلٹ سوار تھے۔
رپورٹس کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجے پیوبلو ویخو کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ اس نے اپنی پرواز پیرو کے شہر پسکو کے ہوائی اڈے سے شروع کی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے عمل پر بھی کام جاری ہے۔
نازکا لائنز پیرو کا ایک معروف سیاحتی مقام ہے، جو اپنی قدیم صحرائی نقش نگاری کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہے۔
ریسکیو اور متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ پر کارروائیاں مکمل کر کے حادثے سے متعلق شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ حکام نے تحقیقات مکمل ہونے تک حادثے کی اصل وجہ کے بارے میں کوئی حتمی مؤقف اختیار نہیں کیا۔