کسان زندہ مگرمچھ کندھے پر اٹھا کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا
دیہاتی کھیتوں میں کام کر رہے تھے کہ اچانک دھان کی فصل میں ایک مگرمچھ نظر آیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا
بھارت کی ریاست بہار کے ضلع سپول میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک کسان تقریباً پانچ فٹ لمبے زندہ مگرمچھ کو کندھے پر اٹھا کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔ اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دیہاتی کھیتوں میں کام کر رہے تھے کہ اچانک دھان کی فصل میں ایک مگرمچھ نظر آیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم مقامی افراد نے جانور کو نقصان پہنچانے کے بجائے اسے محفوظ طریقے سے قابو کرنے کا فیصلہ کیا۔
گاؤں والوں کی مدد سے کسان امیت کمار نے احتیاط کے ساتھ مگرمچھ کے منہ کو رسی سے باندھا تاکہ وہ کسی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔
مقامی افراد کے مطابق جب محکمہ جنگلات کا عملہ فوری طور پر موقع پر نہ پہنچ سکا تو امیت کمار مگرمچھ کو کندھے پر اٹھا کر پہلے محکمہ جنگلات کے دفتر گئے، لیکن وہاں بھی اہلکار موجود نہ ہونے پر وہ سیدھا قریبی پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔
راستے میں اس غیر معمولی منظر کو دیکھ کر شہری حیران رہ گئے اور متعدد افراد نے ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔
بعد ازاں پولیس کی اطلاع پر محکمہ جنگلات کی ٹیم تھانے پہنچی اور مگرمچھ کو اپنی تحویل میں لے کر محفوظ طریقے سے دریائے کوسی میں چھوڑ دیا۔
محکمہ جنگلات کے حکام نے شہریوں کی جانب سے جانور کو نقصان نہ پہنچانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ برسات کے موسم میں جنگلی جانور اکثر آبادیوں کا رخ کر لیتے ہیں، تاہم ایسی صورت میں انہیں خود پکڑنے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دینا زیادہ محفوظ طریقہ ہے۔