مصر میں 5.6 شدت کا زلزلہ، شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے
زلزلے کا مرکز بحیرۂ احمر میں شرم الشیخ سے تقریباً 61 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔
مصر کے ساحلی علاقے بحیرۂ احمر میں 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے جھٹکے سیاحتی شہر شرم الشیخ اور گرد و نواح کے کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد شہری احتیاطاً گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مصری حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز بحیرۂ احمر میں شرم الشیخ سے تقریباً 61 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔ زلزلہ ریکارڈ ہوتے ہی متعلقہ اداروں نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا اور متاثرہ علاقوں کی نگرانی بڑھا دی۔
حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی سروے کے دوران کسی عمارت کے گرنے، بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے یا کسی جانی نقصان کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ حکام مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ امدادی اور ہنگامی سروسز کو مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔
زلزلے کے باعث مختلف علاقوں میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد احتیاطی تدابیر کے طور پر کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔ تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال کسی بڑے نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ماہرین کی جانب سے ممکنہ آفٹر شاکس کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مصری حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ زلزلے سے متعلق غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری اداروں اور مستند ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔