پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی کوریا کو تیسرے میچ بھی شکست دیدی

میچ کے اختتام پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے انعامات تقسیم کیے۔

August 4, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان ہاکی ٹیم نے ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں بھی کورین ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد3-4سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی۔

اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے پہلے کوارٹر میں ہی جنوبی کوریا نے برتری حاصل کی، یہ گول 11ویں منٹ میں لم ڈیون نے اسکور کیا۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم حریف گول پر متعدد حملوں کے باوجود مقابلے کو برابر نہ کرسکی۔ اس کوارٹر میں دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی گول اسکور نہ کرسکی۔

تیسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم حیات کے ذریعے گول برابر کرنے میں کامیاب ضرور ہوئی، جنوبی کوریا نے کم کے گول کے ذریعے دوبارہ سے برتری حاصل کرلی اور 1-2 کے اسکور سے یہ کوارٹر ختم ہوا۔

میچ کا چوتھا اور آخری کوارٹر دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، جس میں چار گول اسکور ہوئے۔ اس کوارٹر میں پاکستان نے حریف کی برتری کا خاتمہ کیا جس کے بعد جنوبی کوریا کی ٹیم نے گول کرکے مقابلہ 2-3 کردیا۔

آخری 10 منٹ میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف خسارے کو پورا کیا بلکہ مزید ایک گول کرکے برتری بھی حاصل کرلی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی اس طرح پاکستان نے میچ 3-4 کے گول سے جیت لیا۔

اس جیت کے ساتھ پاکستان نے چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔

میچ کے اختتام پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر پاکستان ہاکی ٹیم کے دو لیجنڈ کھلاڑی اولمپئنز سمیع اللّٰہ اور حسن سردار بھی مہمانان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔