دبئی کے صنعتی علاقے جبل علی پر یمنی حوثیوں کا حملہ

August 5, 2026 · بام دنیا

دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے صنعتی علاقے جبل علی میں بدھ کی صبح متعدد دھماکوں اور آگ لگنے کے واقعے کے بعد سوشل میڈیا اور بعض علاقائی ذرائع پر یمنی حوثیوں کے مبینہ حملے کی اطلاعات گردش کر رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق جبل علی انڈسٹریل ایریا اور بندرگاہ کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد علاقے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ امدادی اداروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور صورتحال پر قابو پانے کی کارروائیاں شروع کر دیں۔

تاہم اماراتی حکام نے ابتدائی طور پر واقعے کو گیس اسٹوریج سہولت میں پیش آنے والا صنعتی حادثہ قرار دیا ہے اور تاحال کسی میزائل یا ڈرون حملے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ جانی نقصان کے حوالے سے بھی کوئی سرکاری اطلاع جاری نہیں کی گئی۔

دوسری جانب بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے جبل علی کے صنعتی علاقے کو نشانہ بنایا، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع یا متحدہ عرب امارات کے حکام نے تاحال تصدیق نہیں کی ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔