ٹرمپ کے گالف کورس کے قریب مسلح شخص گرفتار
علاقے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنا رہا تھا، جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔
کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملکیت والے گالف کورس کے قریب ایک مسلح شخص کو گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق 38 سالہ جینین جان ٹائیلے کو رانچو پالوس وردیس میں واقع ٹرمپ نیشنل گالف کورس کے اطراف مشکوک انداز میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔ اطلاعات کے مطابق وہ علاقے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنا رہا تھا، جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔
لاس اینجلس شیرف ڈپارٹمنٹ کے مطابق تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک پستول، ممنوعہ گولہ بارود اور 16 گولیوں والی میگزین برآمد ہوئی، جبکہ اس کی گاڑی سے بھی ایک بھرا ہوا پستول اور اضافی گولیاں ملی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کو غیر قانونی اسلحہ اور ممنوعہ گولہ بارود رکھنے کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ وہ ایک الگ ڈکیتی کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔
واقعے کے وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلیفورنیا کے دورے پر تھے، جہاں انہیں اسی گالف کورس میں ریپبلکن پارٹی کی فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کرنا تھی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ تاحال ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا جس سے یہ ثابت ہو کہ گرفتار شخص صدر ٹرمپ کو نقصان پہنچانے کا ارادہ رکھتا تھا۔ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور مزید حقائق سامنے آنے کے بعد ہی کسی حتمی نتیجے پر پہنچا جا سکے گا۔