قومی ہاکی ٹیم کا ورلڈ کپ 2026 کیلئے 20 رکنی سکواڈ کا اعلان
اعلان کردہ سکواڈ میں گول کیپرز کے طور پر وقار اور علی رضا کو شامل کیا گیا ہے
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کیلئے قومی ٹیم کے 20 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ عالمی ایونٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔
اعلان کردہ سکواڈ میں گول کیپرز کے طور پر وقار اور علی رضا کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد عبداللہ، محمد سفیان، معین شکیل، عبدالوحید اشرف رانا، عبدالحنان شاہد، زکریا حیات، ارشد لیاقت، عدیل لطیف، احمد ندیم، غضنفر علی، عماد شکیل بٹ اور محمد حماد الدین انجم شامل ہیں۔
اس کے علاوہ رحمان عبدال، افراز، عمر مصطفیٰ، ابو بکر محمود، عبدالمتان اور محمد عماد بھی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری باب جوہان ویلڈہوف سنبھالیں گے، جبکہ کرسٹوفر جان بوون اور عدنان ذاکر اسسٹنٹ کوچز ہوں گے۔ محمد اویس قرنی ٹیم منیجر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔
ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی سکواڈ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متوازن ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس میں نوجوان ٹیلنٹ کے ساتھ تجربہ کار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔