بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے14 افراد ہلاک
ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کسان اور زرعی مزدور شامل ہیں، جو بارش کے باوجود کھیتوں میں کام کر رہے تھے
نئی دہلی: بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں مون سون کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں کم از کم 14 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شدید بارش اور گرج چمک کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے کئی واقعات پیش آئے۔ ضلع گریڈیہ سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر کسان اور زرعی مزدور شامل ہیں، جو بارش کے باوجود کھیتوں میں کام کر رہے تھے۔ اچانک آسمانی بجلی گرنے سے انہیں محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا موقع نہ مل سکا۔
حکام کے مطابق مختلف واقعات میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جبکہ ریاستی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز تک جھارکھنڈ میں موسلادھار بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کے مزید امکانات موجود ہیں۔ شہریوں، خصوصاً کسانوں اور کھلے میدانوں میں کام کرنے والے افراد کو خراب موسم کے دوران احتیاط برتنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق مون سون کے موسم میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف 2025 کے دوران جھارکھنڈ میں آسمانی بجلی سے متعلق مختلف حادثات میں 200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
دوسری جانب بھارت کی دیگر ریاستیں بھی مون سون بارشوں سے شدید متاثر ہیں۔ آسام میں بارشوں اور سیلاب کے باعث تقریباً 90 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ کیرالہ میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے اور ہزاروں شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔