پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلینڈ کو بڑا دھچکا
انگلش اوپنر ایملیگوے کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کو اہم کھلاڑی کی انجری کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔
انگلش اوپنر ایملیگوے کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں، جس کے باعث 19 اگست سے لیڈز میں پاکستان کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بائیں ہاتھ کے اوپنر کو مڈل سیکس کے خلاف ون ڈے کپ کے میچ میں ڈرہم کی نمائندگی کے دوران کندھے میں تکلیف ہوئی، جس کے بعد ان کی فٹنس پر سوالیہ نشان پیدا ہوگیا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19 اگست کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ نے سیریز کے ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے۔
جیکب بیتھل کی انجری کے باعث جارڈن کاکس کو نمبر تین پر بیٹنگ کی ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ڈین لارنس تقریباً دو سال بعد دوبارہ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔
فاسٹ بولر برائیڈن کارس بھی انجری سے نجات پانے کے بعد اسکواڈ میں واپس آچکے ہیں، جبکہ اولی پوپ کو متبادل وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ایملیگوے کی انجری نے انگلینڈ کے لیے پہلے ٹیسٹ سے قبل اوپننگ کمبی نیشن کے حوالے سے مشکلات بڑھا دی ہیں، تاہم ان کی حتمی شرکت کا فیصلہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا۔