مائیک ہیسن ملتان پہنچ گئے،چاروں ٹیموں کے کوچز سے اہم مشاورت

پاکستان کے بولنگ کوچ ایشلے نوفکے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ ایجوکیشن ہیڈ شاہد اسلم بھی اجلاس میں موجود تھے۔

August 9, 2026 · اسپورٹس

ملتان:پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نیشنل چیمپئنز کپ کے سلسلے میں ملتان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایونٹ میں شریک چاروں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ اہم اجلاس کیا۔

میٹنگ میں چاروں ٹیموں کے ہیڈ کوچز مصباح الحق، اعجاز جونیئر، اقبال امام اور اعزاز چیمہ نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کے بولنگ کوچ ایشلے نوفکے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ ایجوکیشن ہیڈ شاہد اسلم بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس کے دوران نیشنل چیمپئنز کپ میں کھلاڑیوں کی ون ڈے کرکٹ کی مہارتوں کو بہتر بنانے سمیت مختلف تکنیکی اور تربیتی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

مائیک ہیسن نے ڈومیسٹک سطح پر کھلاڑیوں کی کارکردگی، ان کی اسکلز میں بہتری اور مستقبل کی وائٹ بال کرکٹ کے لیے تیاریوں پر بھی توجہ مرکوز کی۔

پاکستان کرکٹ حکام کے مطابق نیشنل چیمپئنز کپ کو مستقبل کی بین الاقوامی وائٹ بال مصروفیات کی تیاری کے لیے اہم پلیٹ فارم قرار دیا جا رہا ہے۔ ایونٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کو ون ڈے فارمیٹ میں اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔

نیشنل چیمپئنز کپ 11 اگست سے شروع ہوگا اور اس کے ساتھ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے 2026-27 سیزن کا بھی باضابطہ آغاز ہوجائے گا۔

یہ ایونٹ جنوبی افریقہ میں آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے کی ابتدائی کڑی بھی قرار دیا جا رہا ہے، جہاں قومی ٹیم کے لیے مضبوط اسکواڈ کی تشکیل اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ اہم ہوگا۔