یوکرین کا روس پر ڈرون حملہ، 12 افراد ہلاک،متعدد زخمی
ڈرونز نے صنعتی اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ حملے میں مختلف نوعیت کے اہداف متاثر ہوئے۔
ماسکو: روس کے علاقے تاتارستان میں یوکرین کے مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق حملہ تاتارستان کے شہر نزنیکمسک میں کیا گیا، جہاں ڈرونز نے صنعتی اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ شہر کے میئر رادمیر بیلیایف نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں مختلف نوعیت کے اہداف متاثر ہوئے۔
روسی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملے سے علاقے کی ایک اہم آئل ریفائنری کو بھی نقصان پہنچا۔ یہ ریفائنری روس کی جدید ترین تیل صاف کرنے والی تنصیبات میں شمار ہوتی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سامنے آنے والی بعض ویڈیوز میں ریفائنری کے قریب دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیتے ہیں، تاہم ان ویڈیوز کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
رپورٹس کے مطابق مذکورہ ریفائنری کو اس سے قبل بھی یوکرینی ڈرون حملوں کا سامنا رہا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں ریفائنری نے تقریباً ایک کروڑ 70 لاکھ ٹن خام تیل پراسیس کیا، جس سے تقریباً 27 لاکھ ٹن پٹرول اور 85 لاکھ ٹن ڈیزل تیار کیا گیا۔
حملے کے بعد علاقے میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں، جبکہ واقعے سے ہونے والے نقصان اور جانی نقصانات کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔