حج 2027 کا عمل مکمل ڈیجیٹل،تقریباً 4 لاکھ پری رجسٹرڈ عازمین درخواست دے سکیں گے

عازمین گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور آن لائن پورٹل کے ذریعے حج درخواست جمع کرانے کے ساتھ واجبات کی ادائیگی بھی مکمل کرسکیں گے۔

August 10, 2026 · قومی

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حج 2027 کے لیے درخواست سے لے کر ادائیگی تک پورا عمل ڈیجیٹل کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ عازمین گھر بیٹھے پاک حج ایپ اور آن لائن پورٹل کے ذریعے حج درخواست جمع کرانے کے ساتھ واجبات کی ادائیگی بھی مکمل کرسکیں گے۔

سردار محمد یوسف کے مطابق تقریباً 4 لاکھ افراد پہلے ہی حج کے لیے پری رجسٹریشن کراچکے ہیں اور اب یہ افراد درخواست کے حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے نظام کا مقصد عازمین کو بینکوں اور دفاتر کے چکر، طویل قطاروں اور غیر ضروری سفری اخراجات سے بچانا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حج واجبات جمع کرانے کے لیے تین ڈیجیٹل طریقے متعارف کرائے گئے ہیں۔ سرکاری حج اسکیم 2027 کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ 40 روزہ طویل حج پیکیج کی لاگت 12 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کی پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی۔ منتخب پیکیج کی مجموعی رقم کا 50 فیصد پہلی قسط کے طور پر جمع کرانا ہوگا۔

سردار محمد یوسف نے بتایا کہ حبیب بینک لمیٹڈ کو حج معاملات کے لیے وزارت مذہبی امور کا مجاز بینکاری شراکت دار مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت اور بینک کے درمیان مفاہمتی یادداشت بھی طے پاگئی ہے۔

حبیب بینک کے نمائندے محمد اسد خان نے بتایا کہ بینک ملک بھر میں 1700 سے زائد شاخوں کے ذریعے عازمین کو سہولیات فراہم کرے گا۔ ان کے مطابق اسلامی بینکاری کے اصولوں کے تحت عازمین سے اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ حج کے پورے عمل کو ڈیجیٹل بنانے کا مقصد عازمین کو زیادہ آسان، شفاف اور تیز رفتار سہولیات فراہم کرنا ہے۔