نیشنل چیمپئنز کپ کا آغاز آج ملتان میں ہوگا
پہلا میچ دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان گرینز کی قیادت شاداب خان کریں گے جبکہ پاکستان وائٹس کی کپتانی صائم ایوب کے سپرد ہے۔
ملتان: نیشنل چیمپئنز کپ کا آغاز آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے، جہاں افتتاحی میچ میں پاکستان گرینز اور پاکستان وائٹس کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
پہلا میچ دوپہر 3 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان گرینز کی قیادت شاداب خان کریں گے جبکہ پاکستان وائٹس کی کپتانی صائم ایوب کے سپرد ہے۔
پاکستان گرینز کے اسکواڈ میں فخر زمان، نسیم شاہ، فہیم اشرف، مہران ممتاز اور سمیر منہاس سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔ پاکستان وائٹس کی جانب سے حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر، عثمان خان اور شاہنواز دھانی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
ٹورنامنٹ کے دوران کمنٹری کی ذمہ داریاں سابق ٹیسٹ کرکٹر سلمان بٹ، سابق قومی ویمنز کرکٹر ایمن انور، طارق سعید، علی یونس اور راجہ اسد انجام دیں گے۔
شائقین کرکٹ کے لیے نیشنل چیمپئنز کپ کے میچز دیکھنے کے لیے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی گزشتہ روز ہوئی، جس میں چاروں ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی اور ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔