زمبابوے میں فیری حادثہ،15 افراد ہلاک،27 لاپتہ

ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 77 افراد کو بحفاظت نکال لیا، جنہیں جھیل میں واقع ایک جزیرے پر منتقل کیا گیا۔

August 12, 2026 · بام دنیا

زمبابوے: کریبا جھیل میں مسافروں سے بھری فیری الٹنے کے افسوسناک حادثے میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 27 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے کے وقت فیری پر 114 بالغ مسافر اور عملے کے 5 ارکان موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ فیری کی مقررہ گنجائش 90 افراد تھی، جس کے مقابلے میں اس پر زیادہ مسافر سوار تھے۔

ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 77 افراد کو بحفاظت نکال لیا، جنہیں جھیل میں واقع ایک جزیرے پر منتقل کیا گیا۔

حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے، جس کے لیے امدادی کشتیاں اور زیرِ آب تلاش کرنے والی خصوصی ٹیمیں بھی استعمال کی جا رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹکٹنگ ریکارڈ میں 114 بالغ مسافروں کی موجودگی سامنے آئی ہے، تاہم مقررہ عمر سے کم بچوں کے ٹکٹنگ ریکارڈ میں شامل نہ ہونے کے باعث فیری پر موجود افراد کی اصل تعداد اس سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

حادثے کے بعد فیری کے روانہ ہونے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔