کولمبیا میں زلزلے سے ہلاکتیں181ہوگئیں،200 سے زائد افراد لاپتا

ہلاکتوں کی مجموعی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہونے کا خدشہ ہے اور یہ تعداد 240 سے تجاوز کرسکتی ہے۔

August 12, 2026 · بام دنیا

کولمبیا میں شدید زلزلے کے 36 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں تباہ شدہ عمارتوں اور ملبے میں پھنسے افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں اب تک 181 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے، جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں کیلی اور پیریرا شہروں میں رپورٹ ہوئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 7.4 شدت کا زلزلہ پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 34 منٹ پر آیا، جس کے جھٹکے مغربی کولمبیا کے وسیع علاقے میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد منگل کو بھی مختلف علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہا۔

مقامی حکام کی جانب سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی مجموعی تعداد سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہونے کا خدشہ ہے اور یہ تعداد 240 سے تجاوز کرسکتی ہے۔

کولمبیا کے صدر ابیلارڈو دے لا ایسپرییلا نے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔ پیریرا میں صورتحال کا جائزہ لینے کے دوران صدر نے بتایا کہ زلزلے کے باعث تقریباً 2,600 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ قریباً 200 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

صدر کے مطابق زلزلے سے 1,100 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 8,000 سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

امدادی اداروں کی جانب سے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔