کینیڈین ہاکی ٹیم کا دورہ پاکستان پر اصولی اتفاق

پی ایچ ایف نےاعلان کیا ہےکہ پاکستان میں مزیدتین ممالک کی ٹیموں کےدوروں کےلیےبھی مذاکرات جاری

August 13, 2026 · اسپورٹس

دورے کی حتمی تاریخیں، میچز کی تعداد اور دیگر معاملات باہمی مشاورت سے طے ہوں گے: پی ایچ ایف__فوٹو: فائل

 کینیڈین ہاکی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ ہاکی سیریز کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے کہا ہے کہ کینیڈین ہاکی فیڈریشن، قومی ٹیم اور حکام کے ہمراہ پاکستان آنے پر رضامند ہوگئے ہیں، کینیڈین ہاکی ٹیم کا دورہ پاکستان آئندہ سال جنوری یا فروری میں متوقع ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق دورے کی حتمی تاریخیں، میچز کی تعداد اور دیگر معاملات باہمی مشاورت سے طے ہوں گے۔

کینیڈین ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کی میزبانی اور ہاکی روایات میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

پی ایچ ایف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں مزید تین ممالک کی ٹیموں کے دوروں کے لیے بھی مذاکرات جاری ہیں اور تین دیگر ممالک کی ٹیموں کے رواں سال کے آخر یا آئندہ سال کے ابتدائی دو ماہ میں پاکستان آمد متوقع ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق پاکستان میں باقاعدہ بین الاقوامی ہاکی کیلنڈر بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس کے ساتھ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بین الاقوامی دو طرفہ ہاکی بحال کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے