میر رضا قتل کیس: تفتیشی ٹیم کا جائے وقوعہ کا دورہ، گیسٹ ہاؤس بھی گئے
میر رضا قتل کیس کی تفتیشی ٹیم کا فیروز آباد تھانے میں اجلاس ہوا، جس میں تفتیش سے متعلق اہم فیصلے کیےگئے۔
فائل فوٹو
کراچی : نوجوان تاجر میر رضا کیس کی نئی تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، کمیٹی کے سربراہ ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن کراچی عامر فاروقی آج پہلی بار جائے وقوعہ پہنچے، کمیٹی نے گیسٹ ہاؤس اور اطراف کا بھی دورہ کیا۔
میر رضا قتل کیس کی تفتیشی ٹیم کا فیروز آباد تھانے میں اجلاس ہوا، جس میں تفتیش سے متعلق اہم فیصلے کیےگئے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کیلئے کمیٹی اراکین کو مختلف ٹاسک دیے گئے، میر رضا کے اہلخانہ کا باضابطہ بیان ریکارڈ کیا جائے گا، حراست میں لیے گئے 21 افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے بعد تحقیقاتی کمیٹی جائے وقوعہ پر پہنچی، کمیٹی کے سربراہ ڈی آئی جی کراچی برانچ کو بریفینگ دی گئی، کمیٹی کے سربراہ آج پہلی بار جائے وقوعہ پر پہنچے، نرسری کے عملے سے بھی کمیٹی ممبران نے پوچھ گچھ کی۔
تحقیقاتی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، تحقیقاتی ٹیم نے گیسٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور اطراف کے پانچ سو میٹر کا بھی دورہ کیا، تحقیقاتی ٹیم کے ہمراہ پرانا تفتیشی افسر بھی تھا۔
علاوہ ازیں میر رضا قتل کیس میں نئی تفتیشی ٹیم نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سے رابطہ کر لیا، مقتول کے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگ لیں۔
نئی تفتیشی ٹیم نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کو 4 خطوط لکھ دیے، خط میں لکھا کہ مقتو ل کی اسمارٹ واچ کا فرانزک بھی کیا جائے، اسمارٹ واچ گذشتہ روز این سی سی آئی اے کے حوالے کی گئی تھی۔
دوسری جانب مقتول کے اہلخانہ نے گھڑی کا فرانزک این سی سی آئی اے کے بجائے لاہور فارنزک لیب سے کروانے کا مطالبہ کردیا۔
اہلخانہ کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ کئی روز سے میر رضا کی اسمارٹ واچ سابق سربراہ کمیٹی کے پاس تھی، جس کے باعث اُس میں ٹیمپرنگ کا امکان ہے، فرانزک لاہور سے کروایا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 12 اگست کو مقتول میر رضا کا پہلا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر اسامہ شیخ کو میڈیکولیگل افسر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔