‘مناسںب نہیں تھا لیکن ۔۔۔’آئی جی اور چیف کمشنر کی شاہی سواری پر محسن نقوی کی وضاحت

پریڈ کے آغاز اور رسمی بگی کے استعمال کے معاملے پر انسپکٹر جنرل اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ذمہ دار قرار دینا درست نہیں۔

August 15, 2026 · اہم خبریں

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں 14 اگست کو ہونے والی یومِ آزادی سٹی پریڈ کے دوران پروٹوکول سے متعلق سامنے آنے والی تنقید پر وضاحت جاری کردی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پریڈ کے آغاز اور رسمی بگی کے استعمال کے معاملے پر انسپکٹر جنرل اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ذمہ دار قرار دینا درست نہیں۔ ان کے مطابق جو کچھ ہوا وہ مناسب نہیں تھا، تاہم دونوں افسران نے اپنی مرضی سے ایسا نہیں کیا۔

وزیر داخلہ کے مطابق چیف گیسٹ اور وہ خود صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقات کے باعث تقریب میں تاخیر کا شکار ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ شہری شام 5 بجے سے پریڈ کا انتظار کر رہے تھے اور تقریباً 6 بجے یہ واضح ہوگیا کہ مزید تاخیر ہوگی۔

محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو مزید انتظار سے بچانے کے لیے افسران کو تقریب شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ان کے مطابق رسمی بگی بھی چیف گیسٹ کے لیے تیار کی گئی تھی اور منصوبے کے تحت افسران نے ان کے ہمراہ آنا تھا، تاہم غیر متوقع صورتحال کے باعث افسران نے بگی استعمال کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئی جی اور چیف کمشنر نے ابتدا میں ان کی غیر موجودگی میں پروگرام شروع کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، لیکن عوام کی سہولت کے پیش نظر انہیں تقریب آگے بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیر داخلہ نے اسلام آباد کے شہریوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام نے 14 اگست کی تقریب کو حقیقی معنوں میں جشنِ آزادی بنا دیا۔

محسن نقوی کی یہ وضاحت اس تنقید کے بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا جا رہا تھا کہ متعلقہ افسران نے اپنی سطح پر ایک مختصر پریڈ کا اہتمام کیا تھا۔