پی سی بی کا ویمنز ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے اسکواڈز کا اعلان

ایشیا کپ کی تیاری کے لیے پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ 16 سے 25 اگست تک لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوگا۔

August 16, 2026 · اسپورٹس

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز ایشیا کپ اور 20ویں ایشین گیمز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے 15، 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں ایونٹس میں فاطمہ ثنا پاکستان کی قیادت کریں گی۔

فاطمہ ثنا حالیہ ٹی20 سیریز میں سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھیں کیونکہ وہ انگلینڈ میں دی ہنڈریڈ لیگ میں مصروف تھیں۔ اب وہ ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے دوبارہ ٹیم کی قیادت سنبھالیں گی۔

ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ، چین کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں یکم ستمبر کو تھائی لینڈ، 5 ستمبر کو بھارت اور 7 ستمبر کو ہانگ کانگ، چین کے خلاف گروپ میچز کھیلے گی۔ سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں فاطمہ ثنا، منیبہ علی صدیقی، شوال ذوالفقار، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، سائرہ جبیں، ایمن فاطمہ، ایمان نصیر، ام ہانی، طوبیٰ حسن، نشرا سندھو، مومنہ ریاست، ناجیہ علوی، وحیدہ اختر اور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔

ایشین گیمز کے اسکواڈ میں عالیہ ریاض، تسمیہ رباب اور حمنہ بلال کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ایشین گیمز میں پاکستان کو تھائی لینڈ کے ساتھ سیڈ کیا گیا ہے اور قومی ٹیم 17 ستمبر کو ایچی کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں چوتھے کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کے مدمقابل ہوگی۔

دیگر کوارٹر فائنلز میں بھارت کا سامنا جاپان، بنگلہ دیش کا چین جبکہ سری لنکا کا ملائیشیا سے ہوگا۔ سیمی فائنل تک رسائی کی صورت میں پاکستان کا مقابلہ سری لنکا یا ملائیشیا سے ہوسکتا ہے، جبکہ میڈل مقابلے 22 ستمبر کو ہوں گے۔

پاکستان خواتین کی ٹیم نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں کرکٹ کے مقابلوں میں سونے کے تمغے حاصل کیے تھے۔ 2022 کے ایڈیشن میں قومی ٹیم چوتھی پوزیشن پر رہی تھی۔

ایشیا کپ کی تیاری کے لیے پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ 16 سے 25 اگست تک لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوگا۔