ایرانی آرمی چیف کا امریکی فوجی کو قتل یا گرفتار کرنے والے کو 30 ہزار ڈالر انعام کا اعلان
کمانڈر انچیف میجر جنرل امیر حاتمی نے عوامی چندہ مہم کے ذریعے نیا اقدام متعارف کرایا،ایرانی شہری دفاعی کارروائیوں کے لیے مسلح افواج سے تعاون کے لیے عطیات دیں گے۔
فائل فوٹو
تہران : ایران کی فوج کے کمانڈر انچیف میجر جنرل امیر حاتمی نے خلیج فارس میں امریکی فوج کی موجودگی کے دور کا خاتمہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جو کوئی ایک امریکی فوجی کو ہلاک یا گرفتار کرے گا اس کو 30 ہزار ڈالر انعام دیا جائے گا۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صحافیوں کے حوالے سے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کمانڈر انچیف میجر جنرل امیر حاتمی نے عوامی چندہ مہم کے ذریعے نیا اقدام متعارف کرایا، جس میں ایرانی شہری دفاعی کارروائیوں کے لیے مسلح افواج سے تعاون کے لیے عطیات دیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت جو کوئی بھی ایک امریکی فوجی کو قتل کرے یا گرفتار کرکے حکام کے حوالے کرے گا ان کو انعام کے طور پر 30 ہزار ڈالر (5 ارب تومان) دیا جائے گا۔
ایرانی آرمی چیف امیر حاتمی نے کہا کہ بہادر ایرانی خواتین میں سے کوئی یہ اقدام کرے تو ان کو اس رقم کا دوگنا انعام ملے گا اور اس کے لیے استعمال ہونے والا اسلحہ فوج کی جانب سے مارکیٹ کے مقابلے میں دوگنا زیادہ قیمت میں خریدا جائے گا اور میوزیم میں مستقل طور پر آویزاں کیا جائے گا۔