شراب پی کر ڈرائیونگ، ڈیوڈ وارنر کو عدالت نے سزا سنا دی
سابق آسٹریلوی کرکٹر کو جرمانے کے ساتھ گاڑی کے استعمال سے متعلق اضافی پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں عدالت نے جرمانے کی سزا سنا دی۔
سڈنی کی عدالت نے سابق آسٹریلوی اوپنر کو 1500 آسٹریلوی ڈالر جرمانہ کیا۔ عدالت کے مطابق وارنر ایسٹر کے موقع پر ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنے اہل خانہ کو گاڑی میں گھر لے جا رہے تھے کہ راستے میں سانس کے ذریعے الکحل کی جانچ کے لیے قائم چیک پوسٹ دیکھ کر انہوں نے گاڑی روک دی۔
عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ وارنر نے مبینہ طور پر ایک خاتون مسافر کے ساتھ نشست تبدیل کرنے کی کوشش بھی کی۔
جج کلیئر فارنان نے ریمارکس دیے کہ وارنر کی جانب سے دوبارہ اسی نوعیت کا جرم کرنے کا امکان کم ہے، تاہم نیو ساؤتھ ویلز میں سڑک حادثات کی ایک اہم وجہ شراب نوشی کے بعد ڈرائیونگ کرنا اب بھی ہے۔
عدالت نے اس بات کو بھی جرم کی سنگینی میں شامل کیا کہ واقعے کے وقت گاڑی میں بچے موجود تھے۔
عدالت نے ڈیوڈ وارنر کو اپنی گاڑی میں الکحل انٹرلاک ڈیوائس نصب کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ یہ آلہ ڈرائیور کے جسم میں الکحل کی موجودگی کا پتا چلنے کی صورت میں گاڑی اسٹارٹ ہونے سے روک دیتا ہے۔
یوں سابق آسٹریلوی کرکٹر کو جرمانے کے ساتھ گاڑی کے استعمال سے متعلق اضافی پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔