عمران خان شفا اسپتال سے دوبارہ اڈیالہ منتقل، ڈاکٹروں نے صحت مند قرار دےدیا، وزیر اطلاعات

مستند ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کیا، عمران خان کی ہمشیرہ عظمی خان موجود تھیں، عطا اللہ تارڑ

August 21, 2026 · اہم خبریں, قومی

بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ، میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال میں طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹس کے بعد سخت سیکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں، عمران خان کو 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال لے جایا گیا۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں عطاء تارڑ نے کہا کہ ماہرِ امراضِ چشم، ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔ ان کی ہمشیرہ محترمہ عظمیٰ خان، طبی معائنے کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔ یہ تمام عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں 21 اگست 2026 کی صبح تقریباً 5 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ عمران خان کے میڈیکل چیک اپ کیلئے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس میں ماہر امراض قلب جرنل میڈیسن، ماہر امراض چشم شامل ہیں جبکہ عمران خان کی بہن عظمیٰ خان اور ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل ٹیم میں شامل ہیں۔ سپریم کورٹ نے دو روز میں اسپتال منتقل کرنے اور اہل خانہ سے ہفتے میں ایک بار ملاقات کروانے کا حکم دیا تھا۔