عمران خان کو آج شفا اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان، انتظامات مکمل
رات 12 بجے تک کا وقت ہے،یہ کام اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جو بھی کرنا ہے، وہ کر رہے ہیں ، وزیر قانون
فائل فوٹو
اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آج شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانےکا امکان ہے، ان کی اسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل ہیں۔
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقلی کے سوال پر کہا ہے کہ ابھی رات 12 بجے تک کا وقت ہے۔ یہ کام اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جو بھی کرنا ہے، وہ کر رہے ہیں ۔
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ابھی تک اسپتال شفٹ نہیں کیا گیا۔
ایک ویڈیو بیان میں وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ ہماری طرف سے توہین عدالت کی درخواست تیار ہوگئی ہے۔
نعیم پنجوتھا نے کہا رات 12بجے وقت پورا ہوگا اور صبح پٹیشن دائر ہوجائے گی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ مطالبہ کریں گے کہ فوری شفٹ کریں اور ان کیخلاف کارروائی شروع کی جائے۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے حکومت کے پاس رات 12 بجے تک کا وقت باقی ہے، حکم نہ ماننے پر پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی تیاری کرلی۔
پی ٹی آئی کے وکیل کے مطابق کل پٹیشن دائر کی جائے گی۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے آج کا دن فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عدالتی حکم پر نظرِ ثانی کی درخواست واپس لے چکی۔ اب اس کے پاس بانی کی اسپتال منتقلی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
اس سے قبل رجسٹرار سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے حکم کے خلاف نظرِ ثانی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی۔