پنجاب میں پنچائیت نظام کی اصولی منظوری، چھوٹے تنازعات عدالتوں کے بجائے پنچائیت میں حل ہوں گے

یونین کونسل اور گاؤں کی سطح پر کمیٹیاں قائم، ثالثی کیلئے معزز شہری ارکان مقرر ہوں گے

November 18, 2026 · قومی

پنجاب میں پنچائیت نظام کی اصولی منظوری، چھوٹے تنازعات عدالتوں کے بجائے پنچائیت میں حل ہوں گے

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کو نظام انصاف میں شراکت دار بنانے کے لیے صوبے میں پنچائیت نظام متعارف کرانے کی اصولی منظوری دے دی۔ نئے نظام کے تحت یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جو فریقین کی باہمی رضامندی سے تنازعات حل کریں گی، جبکہ اس اقدام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم کرنے اور عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنچائیت نظام سے متعلق خصوصی اجلاس میں اس منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پنچائیت پروگرام کے لیے رولز، پالیسی گائیڈ لائنز اور ضوابط کا جامع پلان طلب کرلیا، جبکہ پنچائیت کے اختیارات کے تعین کے لیے واضح قواعد و ضوابط مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر کسی غیر جانبدار اور عوامی اعتماد رکھنے والے مستقل رہائشی کو پنچائیت کا رکن مقرر کرے گا۔ ارکان کا انتخاب نیک نامی، غیر جانبداری اور دانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

پنچائیت کمیٹیوں میں نمبردار، اساتذہ، ریٹائرڈ ججز، ریٹائرڈ آرمی افسران، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معزز شہری شامل ہوں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنچائیت نظام قانونی، منصفانہ اور غیر جانبداری کی مقررہ حدود کے اندر کام کرنے کا پابند ہوگا۔ اس نظام کے ذریعے خواتین، اقلیتوں، غریبوں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف تک رسائی آسان بنائی جائے گی۔

پنچائیتی نظام کے ساتھ عدالتی تحفظ حاصل کرنے کا حق بھی برقرار رکھا جائے گا۔ خواتین اور کمزور طبقات کے خلاف پنچائیت نظام کے ممکنہ استعمال کو روکنے کے لیے اس کے دائرہ اختیار سے متعلق نیگیٹو لسٹ بھی جاری کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم، مکالمے اور معززین کی دانشمندی سے حل کیا جاسکتا ہے۔ پنجاب میں معاشرتی ثالثی کے ذریعے چھوٹے موٹے جھگڑے نمٹانے کی روایت صدیوں پرانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنچائیتی نظام شہریوں کو نظام انصاف میں شراکت دار بنانے کی کوشش ہے، باہمی اختلافات کے حل کے لیے عدالت ہی پہلا فورم نہیں بلکہ پنچائیت ہونی چاہیے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تنازعات کو قانونی فریم ورک کے اندر غیر رسمی طور پر حل کرنے کے لیے پنجاب پنچائیت ایکٹ متعارف کرایا جارہا ہے۔ یہ ایکٹ باہمی رضامندی کے ذریعے تنازعات حل کرنے کا سادہ، کم خرچ اور آسان فورم ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کو نچلی سطح پر اختیارات میں شراکت دار بنانا چاہتی ہے اور انہیں اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنچائیت کے قیام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا اور فوری و سستا انصاف ممکن ہوسکے گا۔ حکومت سماجی تبدیلی کے ذریعے انصاف عوام کی دہلیز تک پہنچائے گی۔