کراچی؛ بجلی، پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج معمول بن گیا، ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم
عام شہریوں کو انتہائی دقت اور مشکلات کا سامنا
کراچی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ معمول بن گیا ہے، مظاہروں کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہونے سے عام شہریوں کو انتہائی دقت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جہاں ٹریفک جام سے شہریوں کا مہنگا ترین ایندھن بلاوجہ ضائع ہو رہا ہے وہی نظام درہم برہم ہوگیا ہے
کراچی کے علاقے پاک کالونی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف منگھوپیر روڈ بسم اللہ ہوٹل اور ریکسر لائن کے قریب شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، جس کی وجہ سے عام شہریوں کو انتہائی مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ گیا
مظاہرین کی جانب سے کے-الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے لگائے گئے اور نظام درست کرنے کا مطالبہ کیا گیا
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ پرانا گولیمار ، ڈاکخانہ والی گلی، ولی محمد گوٹھ، پریل محلہ، عائشہ ولیج، غریب نواز کالونی، ریکسرلائن، تاج الدین بابا اصل اولیا ولیج، ساجد والی گلی، ٹرانس لیاری پارک کے اطراف کے علاقے سمیت دیگر علاقوں میں 3 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے اور بسم اللہ ہوٹل اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی گزشتہ 3 روز سے بجلی نہیں ہے جس کی وجہ سے پانی کی بھی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے