حج 2027: پرائیویٹ اسکیم کے واجبات کی وصولی کا آغاز ہوگیا
عازمین پاک حج ایپ یا حج پورٹل کے ذریعے مجاز حج منظم کمپنی کا انتخاب کرنے کے ساتھ اپنی پسند کا حج پیکیج بھی منتخب کرسکتے ہیں۔
اسلام آباد: پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کے تحت عازمین حج سے واجبات کی وصولی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ بکنگ، پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی کے لیے صرف سرکاری ڈیجیٹل نظام استعمال کریں۔
وزارت کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم سے متعلق تمام مالی معاملات حج پورٹل کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔ عازمین پاک حج ایپ یا حج پورٹل کے ذریعے مجاز حج منظم کمپنی کا انتخاب کرنے کے ساتھ اپنی پسند کا حج پیکیج بھی منتخب کرسکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عازمین گھر بیٹھے حج پورٹل کے ذریعے واجبات ادا کرسکتے ہیں۔ کسی بھی حج منظم کمپنی کو براہِ راست رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کو غیر مجاز ایجنٹوں اور افراد سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی شخص یا کمپنی کو نقد رقم یا چیک دینے سے گریز کیا جائے۔ غیر مجاز ذرائع کو ادائیگی کی صورت میں ہونے والے نقصان کی ذمہ داری عازم حج پر ہوگی۔
وزارت کے مطابق پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے ہونے والی تمام ادائیگیوں کی نگرانی وزارت مذہبی امور کرے گی تاکہ حج کے مالی معاملات میں شفافیت برقرار رکھی جاسکے اور عازمین کو ممکنہ فراڈ سے محفوظ رکھا جا سکے۔
حکام کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ افراد بھی حج پورٹل کے ذریعے مجاز کمپنی اور حج پیکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں، جبکہ نئی رجسٹریشن کا عمل بھی پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے جاری ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے لیے 71 ہزار 696 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔