آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس کل طلب

نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے، سی اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ بھی مکمل کیے جانے کا امکان

August 23, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مظفرآباد: صدر آزاد جموں و کشمیر نے نو منتخب قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 24 اگست 2026 کو دن 2 بجے مظفرآباد میں طلب کر لیا ہے۔

اجلاس میں نو منتخب اراکین قانون ساز اسمبلی حلف اٹھائیں گے، جبکہ اسی اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ بھی مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق 24 اگست آزاد کشمیر کی پارلیمانی سیاست کے حوالے سے انتہائی اہم دن ہوگا۔ اسی روز قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر بھی انتخابات ہوں گے۔

مخصوص نشستوں میں خواتین کی 5 نشستیں جبکہ علماء و مشائخ، اوورسیز کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹ کے لیے 1، 1 نشست شامل ہے۔ ان نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہے گا۔

مخصوص نشستوں پر پولنگ مکمل ہونے کے بعد اسی روز دوپہر 2 بجے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس کے آغاز میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد اسمبلی کی نئی پارلیمانی قیادت کے انتخاب کا مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔