اسلام آباد:سرحد یونیورسٹی کیمپس میں فائرنگ، طلبہ کا احتجاج

واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار یونیورسٹی پہنچ گئے اور صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔

August 24, 2026 · قومی
فوٹو ایکس

فوٹو ایکس

اسلام آباد کے روات میں واقع سرحد یونیورسٹی کے کیمپس میں فائرنگ کے واقعے کے بعد طلبہ نے احتجاج شروع کردیا، جس کے باعث کچھ دیر کے لیے صورتحال کشیدہ رہی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق طلبہ یونیورسٹی میں بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ اسی دوران سیکیورٹی اہلکار کی وردی میں موجود ایک شخص اور طلبہ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق بحث کے دوران مبینہ طور پر ایک طالب علم پر لاٹھی سے حملہ کیا گیا، جس کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔ طلبہ کی جانب سے متعلقہ شخص کو گھیرے میں لیے جانے کے بعد مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار یونیورسٹی پہنچ گئے اور صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔