نجیہہ علوی انجری کے باعث ویمنز ٹی20 ایشیا کپ سے باہر

میڈیکل پینل نے انہیں صحت یابی کے لیے تین سے چار ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

August 24, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی نجیہہ علوی بائیں گھٹنے کی انجری کے باعث ویمنز ٹی20 ایشیا کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق طبی معائنے کے بعد نجیہہ علوی کو انجری کے باعث ان فٹ قرار دیا گیا ہے۔ میڈیکل پینل نے انہیں صحت یابی کے لیے تین سے چار ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق نجیہہ علوی ری ہیب پروگرام مکمل کریں گی، جس کے بعد ان کا دوبارہ طبی معائنہ کیا جائے گا۔ اس معائنے کی بنیاد پر ان کی انجری اور دوبارہ کھیل میں واپسی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے نجیہہ علوی کی جگہ صدف شمس کو ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کے اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ویمنز ٹی20 ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستان ویمن ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنے گروپ کے دیگر حریفوں کے خلاف میچز کھیلے گی، جبکہ ٹیم انتظامیہ کی توجہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹورنامنٹ کی تیاریوں پر مرکوز ہے۔