مریم نواز کا سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی کا جامع جائزہ لینے کا حکم
اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کے دوران انخلا کے راستوں اور ایمرجنسی رسائی کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
فائل فوٹو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا جامع جائزہ لینے اور اس حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کے سرکاری اسپتالوں میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کی تفصیلی رپورٹ 27 اگست تک طلب کی ہے۔ انہوں نے اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کے دوران انخلا کے راستوں اور ایمرجنسی رسائی کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں سے مشاورت کے بعد اسپتالوں کے ایمرجنسی اخراج کے راستوں کا معائنہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں، عملے اور شہریوں کو بروقت محفوظ مقام پر منتقل کیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے اسپتالوں میں فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب اور فعال بنانے کا کام سات روز میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے بڑے سرکاری اسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ آگ لگنے کی صورت میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی جاسکیں۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے مطابق پہلے مرحلے میں 57 بڑے سرکاری اسپتالوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق واسا کو فائر ہائیڈرنٹس کے لیے موزوں اور اہم مقامات کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تنصیب کا ٹاسک بھی سونپ دیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے یہ اقدامات سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی بہتر بنانے اور ہنگامی حالات میں جانی نقصان کے خطرات کم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔