پولیس حملہ کیس: فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
مقدمے میں فلک جاوید پر زمان پارک میں اسلام آباد پولیس کے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں
فائل فوٹو
لاہور: زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے سے متعلق مقدمے میں فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی گئی۔
صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل سے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں مقدمے کی سماعت ہوئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت پولیس نے ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست کی۔
عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔
عدالت نے پولیس کو مقدمے کا چالان جلد از جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
مقدمے میں فلک جاوید پر زمان پارک میں اسلام آباد پولیس کے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ کیس کی مزید سماعت آئندہ مقررہ تاریخ پر ہوگی۔