پاکستان،انگلینڈ لارڈز ٹیسٹ پر بارش کے بادل،کھیل متاثر ہونے کا خدشہ
موجودہ صورتحال کے باعث پچ اور اس کے اطراف کا میدان کورز سے ڈھکا ہوا ہے
فوٹو سوشل میڈیا (ایکس)
لندن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آغاز میں بارش کے باعث تاخیر کا امکان ہے۔
لندن میں آج موسم خراب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم منتظمین کو امید ہے کہ بارش میں وقفے کے دوران پہلے دن کا کھیل شروع کیا جا سکے گا۔
موجودہ صورتحال کے باعث پچ اور اس کے اطراف کا میدان کورز سے ڈھکا ہوا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ پچ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی ٹیم کمبی نیشن پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پچ پر ایک روز قبل تک گھاس موجود تھی، جس کے باعث پاکستان کی جانب سے چار فاسٹ بولرز یا تین فاسٹ بولرز کے ساتھ ایک اسپنر کو میدان میں اتارنے پر غور کیا جا رہا تھا۔ بارش رکنے اور پچ کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اوپننگ جوڑی میں امام الحق اور اذان اویس کو برقرار رکھنے کا امکان ہے، جبکہ مڈل آرڈر میں کپتان بابر اعظم کو سعود شکیل یا سلمان علی آغا میں سے کسی ایک کھلاڑی کے بارے میں فیصلہ کرنا ہوگا۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، اس لیے پاکستان کیلئے لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنا سیریز برابر کرنے کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔