لارڈز ٹیسٹ: عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو سے سرفراز احمد لاعلم

پاکستانی ٹیم وقفے کے بعد معمول کے شیڈول کے مطابق میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی تھی اور انٹرویو کی وجہ سے ٹیم کے کھیل میں کوئی رکاوٹ یا تاخیر نہیں ہوئی۔

August 29, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لندن: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو سے متعلق سوال پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی توجہ صرف کرکٹ اور جاری ٹیسٹ میچ پر ہے۔

لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران برطانوی نشریاتی ادارے نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کیا۔ ان سے گفتگو سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرویو نشر ہونے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ یہ اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں کہ وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کے دوبارہ میدان میں آنے کے حوالے سے صورتحال کچھ دیر کے لیے غیر یقینی کا شکار ہوئی۔

لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں سرفراز احمد سے اس معاملے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں انٹرویو یا پی سی بی کی جانب سے انگلینڈ کرکٹ حکام سے کی جانے والی کسی شکایت کے بارے میں معلومات نہیں۔

ہیڈ کوچ کے مطابق پاکستانی ٹیم وقفے کے بعد معمول کے شیڈول کے مطابق میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی تھی اور انٹرویو کی وجہ سے ٹیم کے کھیل میں کوئی رکاوٹ یا تاخیر نہیں ہوئی۔

ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی کا مطلب یہ نہیں کہ تمام ذمہ داری ان پر ڈال دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی اپنی ٹیم ہے اور اس میں ملک کے بہترین کھلاڑی شامل ہیں۔

انہوں نے محمد رضوان، سعود شکیل اور سلمان علی آغا کی سابقہ کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے ماضی میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے، تاہم اس وقت ان کے رنز نہ کرنے پر بطور ہیڈ کوچ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ سیریز مکمل ہونے کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ کن کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار رکھنا ہے اور کن میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔