بیوی سے مبینہ تعلقات پر بھایٗ نے بھایٗ کو مار دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ ٹاون میں بیوی سے مبینہ تعلقات پر بھائی نے بھائی ماردیا ، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ بلاک اے عابد آباد میں بڑے بھائی ساجدنے چھوٹے بھائی کاشف کو چھری کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا ۔اطلاع ملنے پرپولیس نے لاش قانونی کارروائی کیلئے اسپتال پہنچائی اور ملزم کوگرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا۔ایس ایچ او فلک شیر نے’’ امت‘‘ کو بتایا کہ مقتول اور ملزم سگے بھائی ہیں۔ملزم ساجدنے ابتدائی تفتیش میں پولیس کو بتایا کہ اسکا آبائی تعلق ہزارہ سے ہے اور وہ کئی سال سے کراچی میں رہائش پذیرہے اور اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ محنت مزدوری کرتا تھا ، میرے چھوٹے بھائی کاشف کے میری بیوی سےناجائز تعلقات تھے جس کاعلم مجھے کچھ مہینے پہلے ہوا تھا، اور میں نے بیوی سےپوچھ گچھ کی تو ہمارے درمیان جھگڑا ہوگیا اور وہ تین ماہ قبل ناراض ہو کر کر میکے چلی گئی ۔میں نے بیوی کو کئی مرتبہ گھر لانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں آئی ۔میں اس کا ذمہ دارکاشف کو سمجھتاتھااس لئے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب میں نے اسے چھری سے قتل کردیا۔ انوسٹی گیشن افسر امان اللہ نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ملزم انتہائی شاطر ہے اوروہ خود کو بچانے کیلئے مقتول اور اپنی بیوی کے درمیان ناجائز تعلقات کا الزام لگارہاہے۔پولیس نےمقتول کے بھائی ماجد کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 324/18درج کرلیاہے ، مدعی مقتول کی لاش تدفین کیلئے آبائی گاوں لے گیا ہے ، جبکہ پولیس ملزم سے تفتیش کررہی ہے۔