امریکی فرمائش پر ملی مسلم لیگ کے امیدواروں کو نوٹس

0

واشنگٹن/اسلام آباد (امت نیوز/ نمائندہ امت ) امریکہ نے پاکستانی انتخابی عمل میں مداخلت شروع کر دی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے کالعدم لشکر طیبہ سےتعلق کاالزام لگا کر ملی مسلم لیگ کے امیدواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ یورپی یونین نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ محفوظ انتخابی سرگرمیوں کو یقینی بنائے۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کی رپورٹ پر اقوام متحدہ کی لسٹ میں شامل اور ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ 3 امیداروں کو 23 جولائی کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ان میں این اے 149ساہیوال سے امیدوارمحمداشرف پی پی 113سے ظفراقبال اورپی پی 67 سے احسان رانجھاشامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکا نے پاکستانی انتخابی عمل میں بھی مداخلت شروع کر دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ کا کہنا ہے کہ ہم نے لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے بعض افراد کی انتخابی عمل میں شرکت پر اپنی تشویش سے پاکستان کی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جون میں لشکر طیبہ سے وابستہ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی منسوخی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان میں سیاسی امیدوارں و ان کے کارکنان پر حملوں کی مذمت کی ہے اور اسے بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات پاکستانی قوم کو جمہوری حقوق سے دور نہیں رکھ سکیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس نے بیرونی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں ترمیم کرتے ہوئے اس میں ملی مسلم لیگ کا نام شامل کرکے اسے عرف لشکر طیبہ قرار دیا گیا ہے۔ ادھریورپی یونین نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ محفوظ انتخابی سرگرمیاں یقینی بنائے۔امیدواروں اور شہریوں کو ووٹ خوف و خطر کے بغیر دینے کو یقینی بنایا جائے۔
٭٭٭٭٭
اٹک ( نامہ نگار ) امیر جماعت الدعوہ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن تھا جبکہ امریکہ پاکستان کی دشمنی میں اس سے سبقت لے گیا ہے پاکستان کے تمام تر حالات کی خرابی کے ذمہ دار یہ دو ممالک ہیں امریکہ افغانستان میں نیٹو افواج کی شکست کے بعد اس کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا کر سبق سکھانے کے در پے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک کے مقامی ریسٹورنٹ الحبیب میں ملی مسلم لیگ ورکرز کنونشن کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اٹک کے 3 حلقوں پی پی 1 اٹک سے آزاد امیدوار ملک حمید اکبر خان ، پی پی 4 پنڈی گھیب سے آزاد ملک ریاست سدریال ، پی پی 2 سے ایم ایم کے چنگیزخان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ملی مسلم لیگ کے کارکنوں کو ان امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی ۔ورکر کنونشن سے مرکزی صدر ملی مسلم لیگ سیف اللہ خالد ، امیدوار پنجاب اسمبلی ملک حمید اکبر خان ، ملک ریاست سدریال اور چنگیز خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے ملی مسلم لیگ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کی سا لمیت ، تحریک آزادی کشمیر ، امریکہ اور بھارت کی غلامی کے خلاف او ر ختم نبوت کے تحفظ کیلئے پروفیسر حافظ محمد سعید کی قیادت میں ہمیشہ سر گرم عمل رہیں گے۔ اس موقع پر ضلع بھر سے ملی مسلم لیگ کے کارکنان کی کثیر تعداد کے علاوہ امیدوار حلقہ این اے 55 ملی مسلم لیگ ملک آصف اقبال آف پنڈ تریڑھ ، سابق ناظم یونین کونسل ملک حامد صفدر خان ، چیئرمین یونین کونسل ملک شمیم محمد خان ، وائس چیئرمین ملک سعید اکبر بھی موجود تھے ۔پروفیسر حافظ محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ عام انتخابات پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے ضامن ہیں لہٰذا کارکن ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں کی کامیابی کے لئے اپنی تمام کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب بڑا مسئلہ انتشارہے ، دہشت گردی دوبارہ شروع ہو گئی ہے ، امریکہ پاکستان کی دشمنی کا منصوبہ بنارہاہے ، ہمیں قومی ملی یکجہتی کاثبوت دیناہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More