دانتوں کا ڈاکٹر صدر کی کرسی پر بیٹھے گا

0

کراچی (امت نیوز)دانتوں کا ڈاکٹر صدر کی کرسی پر بیٹھے گا۔وزیراعظم عمران خان نے عارف علوی کوصدر پاکستان نامزد کردیا۔عارف علوی پیشے کے لحاظ سے ڈینٹسٹ اور ایشیا پیسیفک ڈینٹل فیڈریشن اور پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کے مطابق موجودہ صدر مملکت ممنون حسین کی مدت 4 ستمبر کو پوری ہورہی ہے اور صدر کے الیکشن میں وزیراعظم عمران خان نے عارف علوی کی نامزدگی کی منظوری دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عارف علوی 1949 میں پنجاب میں پیدا ہوئے۔بچپن میں اپنے خاندان کے ساتھ کراچی منتقل ہو گئے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کی۔دندان سازی کی بیچلرز ڈگری یونیورسٹی آف پنجاب سے حاصل کی۔ بعد ازاں یونیورسٹی آف مشی گن اور یونیورسٹی آف پیسیفک سے ماسٹرز کیا۔انہوں نے اپنی سیاست کا آغاز پنجاب یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ یونین کونسل سے کیا اورجمہوریت کیلئے جدوجہد کی۔ ڈاکٹر عارف علوی معروف ڈینٹل سرجن ہیں ۔ان کا کراچی میں کلینک بھی ہے۔عارف علوی تحریک انصاف کے بانی اراکین میں سے ایک ہیں،انہوں نے پہلی بار 1997 میں سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 114کراچی سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر عام انتخابات میں حصہ لیا ،لیکن انہیں کامیابی نہ ملی۔2002 کے عام انتخابات میں بھی انہوں نے پی ایس 90 کراچی ٹو سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر دوبارہ انتخابات میں حصہ لیا ،لیکن اس مرتبہ بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔2013 کے انتخابات میں انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 250 (جو اس وقت این اے 247 ہے) سے انتخاب لڑا اور کامیاب رہے، انہوں نے ایم کیوایم کی خوش بخت شجاعت کو شکست دی تھی۔عارف علوی وہ واحد پی ٹی آئی امیدوار تھے جو 2013 کے انتخابات میں سندھ سے منتخب ہوئے۔عارف علوی 2018 میں تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے ٹکٹ پر کراچی کے حلقہ این اے 247 سے کامیاب ہوئے، انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم ایم اے کے محمد حسین محنتی کو شکست دی۔عارف علوی 2006 سے 2013تک تحریک انصاف کے سیکر یٹری جنرل بھی رہے، 2016میں انہیں پی ٹی آئی سندھ کا صدر مقرر کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More