ایشین گیمز میں پاکستان فٹبال ٹیم کی 44 سال بعد فتح
جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک)ایشین گیمز 2018 میں پاکستان فٹبال ٹیم نے 44 سال بعد فتح اپنے نام کرتے ہوئے گروپ میچ میں نیپال کو 1-2 سے شکست دی۔ 18 ویں ایشین گیمز 2018 کا رنگا رنگ میلہ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں جاری ہے جہاں مختلف کھیلوں کی کیٹیگریز کے مقابلے ہو رہے ہیں۔گروپ ڈی میں شامل پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم کا پلڑا شروع سے ہی بھاری رہا لیکن میچ کے ابتدائی 11ویں منٹ میں پاکستانی کھلاڑی شہباز یونس نے بال اپنے ہی گول پوسٹ میں پہنچاکر نیپال کو برتری دلادی۔پاکستانی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 55ویں منٹ میں محمد بلال نے گول کرکے اسکور 1-1سے برابر کردیا جب کہ کھیل کے 72ویں منٹ میں صدام حسین نے گول کرکے ٹیم کو 1-2کی سبقت دلادی جو کہ میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے 44سال بعد ایشین گیمز میں فتح حاصل کی ہے جب کہ اس سے قبل 1974میں ایران کے شہر تہران میں ہونے والی 7 ویں ایشین گیمز میں بحرین کو 1-5سے شکست دی تھی۔