معارف القرآن

0

معارف و مسائل
’’ڈھانپ لیا ان بستیوں کو جس چیز نے ڈھانپ لیا۔‘‘ مراد وہ پتھراؤ ہے جو بستیاں الٹنے کے بعد ان پر کیا گیا، یہاں تک صحف موسیٰ و ابراہیم علیہما السلام کے حوالہ سے جو تعلیمات بیان کرنی تھیں، وہ ختم ہوگئیں۔
فَبِاَیِّ اٰلَائ… تماریٰ کے معنی جھگڑا اور مخالفت کرنا ہے، حضرت ابن عباسؓ نے فرمایا کہ یہ خطاب ہر انسان کو ہے، کہ سابقہ آیات اور صحف موسیٰ و ابراہیم علیہما السلام میں آئی ہوئی آیات ربانی میں کوئی ذرا بھی غور و فکر کرے تو اس کو رسول اکرمؐ اور آپؐ کی وحی اور تعلیمات کے حق ہونے میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں رہتی اور اقوام سابقہ کی ہلاکت و عذاب کے واقعات سن کر مخالفت سے باز آ جانے کا اچھا موقع ملتا ہے جو حق تعالیٰ کی ایک نعمت ہے، اس کے باوجود تم خدا تعالیٰ کی کس کس نعمت میں جھگڑا اور خلاف کرتے رہو گے۔
ھٰذَا نَذِیْرٌ…ہذا کا اشارہ رسول اقدسؐ یا قرآن کی طرف ہے کہ یہ بھی پچھلے رسولوں اور پچھلی کتابوں کی طرح حق تعالیٰ کی طرف سے ایک نذیر بنا کر بھیجے گئے ہیں جو صراط مستقیم اور دین و دنیا کی فلاح پر مشتمل ہدایات لے کر آئے ہیں اور اس کی مخالفت کرنے والوں کو خدا کے عذاب سے ڈراتے ہیں۔
اَزِفَتِ الااٰزِفَۃُ…ازف بمعنے قرب آتا ہے، معنی یہ ہیں کہ قریب آنے والی چیز قریب آ پہنچی، جس کو خدا تعالیٰ کے سوا کوئی ہٹانے والا نہیں، مراد اس سے قیامت ہے، اس کا قریب آ پہنچنا پوری دنیا کی عمر کے اعتبار سے ہے کہ امت محمدیہ اس کے بالکل آخر میں قیامت کے قریب ہے۔
اَفَمِنْ ھٰذَا الْحَدِیْثِ… ہذا الحدیث سے مراد قرآن کریم ہے، معنی آیت کے یہ ہیں کہ قرآن کریم جیسا کلام الٰہی جو خود ایک معجزہ ہے، تمہارے سامنے آ چکا کیا اس پر بھی تم تعجب کرتے ہو اور بطور استہزاء کے ہنستے ہو اور اپنی معصیت یا عمل کوتاہی پر روتے نہیں۔
وَاَنْتُمْ سٰمِدُوْنَ… سمود کے لغوی معنی غفلت و بے فکری کے ہیں، سامدون بمعنی غافلون ہے اور ایک معنی سمود کے گانے بجانے کے بھی آتے ہیں، وہ بھی اس جگہ مراد ہو سکتے ہیں۔ (کما فسرہ بہ بعض الائمہ) (جاری ہے)

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More