نواز شریف کی اہلیہ سے آخری ملاقات قریبی اعزہ نے ریکارڈ کی

0

محمد زبیر خان
میاں نواز شریف اور مریم نواز کی مرحومہ کلثوم نواز سے ملاقات کی آخری ویڈیو شریف خاندان کے قریبی لوگوں نے ریکارڈ کی تھی، جو کلثوم نواز کی وفات کے بعد نیوز اینکر طلعت حسین اور عاصمہ شیرازی کو فراہم کی گئی، جنہوں نے اس کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔ مریم نواز کا لندن سے لاہور سفر کے دوران انٹرویو عاصمہ شیرازی نے ریکارڈ کیا تھا، جو نشر نہیں ہو سکا تھا۔ عاصمہ شیرازی نے بیگم کلثوم نواز کی وفات کے بعد اس کے مختلف حصے اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کئے ہیں۔ ادھر بدھ کے روز نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر نے کسی سے بھی ملاقات نہیں کی اور اپنے کمروں تک محدود رہے۔ آج (جمعرات کو) ممکنہ طور پر تعزیت کیلئے آنے والوں سے ملیں گے۔
’’امت‘‘ کو شریف خاندان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس وقت ٹیلی وژن چینلوں اور سوشل میڈیا پر تین ویڈیوز بہت زیادہ دیکھی جارہی ہیں۔ ایک ویڈیو میں نواز شریف نے لندن سے لاہور سفر سے پہلے کلثوم نواز سے اہسپتال میں ملاقات کی تھی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نواز شریف کلثوم نواز کو پکار رہے ہیں اور وہ جواب نہیں دیتی ہیں، جس کے بعد نواز شریف ان کو زندگی اور صحت کی دعائیں دیتے ہیں۔ یہ وڈیو طلعت حسین نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر شیئر کی ہے۔ دوسری ویڈیو میں مریم نواز اپنی والدہ کو آواز دیتی ہیں اور ان سے کہتی ہیں کہ دیکھیں ابو آئے ہیں، مگر کلثوم نواز جواب نہیں دیتیں۔ یہ ویڈیو عاصمہ شیرازی نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر شیئر کی تھی۔ اس کے علاوہ عاصمہ شیرازی نے مریم نواز سے لندن سے لاہور واپسی کے سفر کے دوران ایک انٹرویو بھی کیا تھا، جس میں وہ جذباتی انداز میں کلثوم نواز کے حوالے سے بات کر رہی ہیں۔ یہ ویڈیوز عوام میں بہت مقبول ہو رہی ہیں۔
ان وڈیوز کے حوالے سے شریف فیملی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف اور مریم کی کلثوم نواز کے ساتھ ملاقات کی ویڈیو شریف فیملی کے افراد ہی نے ریکارڈ کی تھی اور یہ ویڈیو طلعت حسین اور عاصمہ شیرازی نے کلثوم نواز کی وفات کے بعد سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔ اسی طرح تیسری ویڈیو درحقیقت عاصمہ شیرازی کا مریم نواز سے جہاز میں انٹرویو تھا۔ مگر یہ انٹرویو نشر نہ ہو سکا اور عاصمہ شیرازی نے اس انٹرویو کے کچھ حصے کلثوم نواز کی وفات کے بعد سوشل میڈیا پر شیئر کر دیئے۔ شریف خاندان کے ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے مبمران نے نواز شریف اور مریم نواز کی کلثوم نواز کے ساتھ ملاقات کے موقع پر یہ سوچ کر ویڈیو ریکارڈ کی تھی کہ یہ انتہائی اہم اور یادگار ملاقات ہوسکتی ہے اور کوئی بھی نہیں جانتا تھا کہ حالات کس رخ پر چلے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت یہ تینوں وڈیوز عوام میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل کرچکی ہیں۔
دوسری جانب شریف فیملی کے ذرائع کے مطابق نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے بدھ کا روز اپنے کمروں میں بند رہ کر گزارا اور اس موقع پر انہوں نے عام لوگوں اور تعزیت کیلئے آنے والوں سے کوئی بھی ملاقات نہیں کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس دوران نواز شریف نے سب لوگوں سے کہا کہ انہیں تنہائی کی ضرورت ہے۔ تاہم انہوں نے اس موقع یہ بھی کہا کہ وہ جمعرات کے روز جاتی امرا میں تعزیت کیلئے آنے والوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ بدھ کے روز جاتی عمرہ میں حمزہ شہباز آنے والے لوگوں سے پرسہ لیتے رہے تھے۔
نواز لیگ کے رہنما مشاہد اللہ خان نے ’’امت‘‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’آخری وقت میں کلثوم نواز، نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ بات کرنے کیلئے ویڈیو کال کیلئے کہتی رہی تھیں اور یہ پوچھتی رہی تھیں کہ وہ دونوں ویڈیو کال کیوں نہیں کرتے ہیں، مگر ان کو یہ نہیں پتا تھا کہ ویڈیو کال کی اجازت نہیں ہے اور جیل میں نواز شریف کو مریم نواز سے بھی ملاقات کی اجازت نہیں تھی‘‘۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More