کچرا چننے کی آڑ میں بچے اغوا کرنیوالا رنگے ہاتھوں گرفتار

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی کے علاقے سے پولیس نے کچرا چننے کی آڑ میں بچے اغوا کرنے والے گروہ کے ایک کارندے کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے بچہ بازیاب کرالیا۔ملزم بچے کو بوری میں ڈال کر لے جارہا تھا کہ بچے کے شور مچانے پر وہ فرار ہونے لگا۔اس دوران پہنچنے والی پولیس نے اسے پکڑلیا۔ملزم 15 روز قبل ہی کراچی آیا تھا۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سیکٹر 51 سی میں پولیس نے کارروائی کرکے اغواکار عبدالخالق کو گرفتار کرکے 3 سالہ بچے ارسلان کو بازیاب کروالیا۔’’امت‘‘ کو ایس ایچ او انصر عالم نے بتایا کہ گرفتار ملزم عبدالخالق 15 روز قبل خیبر پختون سے کراچی آیا ہے ۔یہ مذکورہ مقام پر کچرا چن رہا تھا کہ اسی دوران اس نے گلی میں کھیلنے والے بچے 3 سالہ ارسلان کو پکڑکر بوری میں ڈال کر لے جارہا تھا کہ بچے کے شور مچانے اور بوری سے باہر نکلنے کی کوشش کرنے پر اہل محلہ نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزم بچے کو پھینک کر فرار ہورہا تھا کہ گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا 6 سے زائد افراد پر مشتمل گروہ ہے، جس کے تمام کارندوں کا تعلق افغانستان سے ہے۔ملزمان افغانستان سے کراچی آتے ہیں اور کچرا چننے کے بہانے بچوں کو اغوا کرکے افغانستان لے جاتے ہیں۔ملزمان کچرا چننے والے بوری میں نشہ آور چیزیں بھی رکھتے ہیں اور کسی بھی سنسان گلی میں بچے کو اکیلے دیکھ اس کو نشہ آور چیز سنگھانے کے بعد بوری میں ڈال لیتے ہیں۔بچے کے اوپر تھوڑا بہت کچرا بھی ڈال دیتے ہیں تاکہ اگر کوئی ان کو روک کر بوری چیک بھی کریں تو کچرا بوری میں دیکھ کر یہ بچ سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More