معارف القرآن

0

معارف ومسائل
مَجْنُوْن وََّ ازْدُجِِرَ… و ازدجر کے لفظی معنی ہیں ڈانٹ دیا گیا (اس کا عطف لفظ قالوا پر ہے، اس لئے) مراد یہ ہے کہ ان لوگوں نے حضرت نوح (علیہ السلام) کو مجنون بھی کہا اور پھر ان کو ڈانٹ دھمکا کر تبلیغ رسالت سے روکنا بھی چاہا، جیسا کہ ایک دوسری آیت میں ہے کہ ان لوگوں نے نوح (علیہ السلام) کو یہ دھمکی دی کہ اگر آپ اپنی تبلیغ و دعوت سے باز نہ آئے تو ہم آپ کو پتھراؤ کر کے مار دیں گے۔
عبد بن حمید نے مجاہد سے نقل کیا ہے کہ نوح (علیہ السلام) کی قوم کے بعض لوگ جب حضرت نوحؑ کو کہیں پاتے تو بعض اوقات ان کا گلا گھونٹ دیتے تھے، یہاں تک کہ وہ بے ہوش ہو جاتے، پھر جب افاقہ ہوتا تو خدا سے یہ دعا کرتے تھے کہ ’’خدایا میری قوم کو معاف کر دے، وہ حقیقت سے ناواقف ہیں۔‘‘ ساڑھے نو سو سال قوم کی ایسی ایذاؤں کا جواب دعاؤں سے دے کر گزارنے کے بعد آخر میں عاجز ہو کر بددعا کی، جس کا ذکر اگلی آیت میں ہے، جس کے نتیجے میں یہ پوری قوم غرق کی گئی۔
فَالتَقَی المَائ… یعنی زمین سے ابلنے والا پانی اور آسمان سے برسنے والا پانی دونوں اس انداز پر مل گئے جس سے حق تعالیٰ کا مقدر کیا ہوا فیصلہ کہ پوری قوم غرق ہو جائے نافذ ہوگیا کہ پہاڑوں کی چوٹیوں تک بھی کسی کو پناہ نہ ملی۔
ذَاتِ اَلوَاحٍ… الواح لوح کی جمع ہے بمعنی تختی اور دسر، دسار کی جمع ہے، جس کے معنی میخ اور مسمار کے بھی آتے ہیں اور اس ڈورے یا تار کو بھی کہا جاتا ہے، جس سے کشتی کے تختے جوڑے جاتے ہیں۔(جاری ہے)
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More