بزنس مین کی ہیلی کاپٹر ز خریدنے کی مشروط پیشکش

0

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عام توقعات، خدشات اور توہمات کے برعکس پاکستانی حکومت کو ان چار ہیلی کاپٹرز کا خریدار مل گیا ہے جن کے بارے میں اس انکشاف کے بعد کہ وہ اڑنے کے قابل نہیں ہیں، سوشل میڈیا پر محاذ گرم ہو گیا تھا کہ حکومت کا انھیں نیلام کرنے کا اعلان حکمت سے خالی ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے دو ہفتے قبل اعلان کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی ہی اعلان کردہ کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت وفاقی حکومت کے زیراستعمال چار ہیلی کاپٹرز اور آٹھ بھینسیں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ان چار ہیلی کاپٹرز کے بارے میں سرکار نے زیادہ تفصیل نہیں بتائی کہ یہ ہیلی کاپٹر کیسے ہیں، کہاں ہیں اور کتنے کے ہیں؟لیکن ذرائع سے معلوم ہوا کہ ان چاروں ہیلی کاپٹرز کے حال اچھے نہیں ہیں۔ ان میں سے دو چالیس سال اور دو تیس سال سے بھی زیادہ پرانے ہیں اور اڑنے کے قابل بھی نہیں ہیں۔ابھی نیلامی میں چند روز باقی ہیں اور ان ہیلی کاپٹرز کو خریدار مل بھی گیا ہے۔پاکستان میں ویسٹ لینڈ آگسٹا ہیلی کاپٹرز کا کاروبار کرنے والے ایک شخص نے وفاقی حکومت کو پیشکش کی ہے کہ وہ یہ چاروں ہیلی کاپٹرز جہاں ہیں، جیسے ہیں کی بنیاد پر خریدنے کے لیے تیار ہیں۔بعض با خبر سرکاری ذرائع کے مطابق ان صاحب نے البتہ اس پیشکش کو مشروط کر دیا ہے کہ حکومت ان چاروں ہیلی کاپٹروں کے بدلے ایک نیا ہیلی کاپٹر خرید لے اور ان چاروں ہیلی کاپٹرز کی قیمت نئے ہیلی کاپٹر کی قیمت میں سے کاٹ لے۔لیکن حکومت پاکستان کے قواعد اس سودے کی راہ میں حائل ہیں جو کہتے ہیں کہ حکومت پاکستان کوئی بھی چیز خریدنے کے لیے عالمی مارکیٹ سے بولی لینے کی پابند ہے اور یہ سودا کیش کی بنیاد پر ہی ہو سکتا ہے اور اس میں اشیا کے تبادلے کی گنجائش نہیں ہے۔یوں حکومت پاکستان مذکورہ فرد کو ہیلی کاپٹرز بیچ تو سکتی ہے لیکن اس کے بدلے نئے ہیلی کاپٹر خریدنے کی ضمانت نہیں دے سکتی۔اور اس یقین دہانی یا ضمانت کے بغیر خریدار پرانے ہیلی کاپٹر اٹھانے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتا اس کے باوجود کہ انہیں بہت سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ یہ ہیلی کاپٹرز ہیں فوم کا گدا نہیں کہ پرانا دیں اور نیا لے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More