امریکہ میں عالمی سی پاور سمپوزیم میں پاکستان سمیت کئی ممالک کی شرکت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکہ میں منعقد 32 ویں عالمی سی پاور سمپوزیم میں پاکستان سمیت کئی ممالک کے بحری سربراہوں نے شرکت کی ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے امریکہ کے نیول وار کالج نیو پورٹ میں 18 ستمبر سے 21 ستمبر تک منعقد ہونے والے عالمی سمپوزیم میں کمانڈنٹ یوایس کوسٹ گارڈز ایڈمرل کارل شلٹز اور کمانڈر یو ایس نیو سینٹ، وائس ایڈمرل سکاٹ اے سٹرینی سمیت آسٹریلیا ، برازیل ، جرمنی، جاپان، چین اور ترکی کی بحریہ کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ اورپاکستان کے میری ٹائم نقطہ نظر اور علاقائی میری ٹائم سیکورٹی میں پاک بحریہ کی خدمات سے آگاہ کیا۔سمپوزیم کے دوران بین القوامی میری ٹائم سکیورٹی کے تعاون کے فروغ کے سلسلے میں درپیش مشترکہ بحری چلنجز کے امور پر سیر حاصل بحث و مباحثے کے گئے ۔پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق اس سمپوزیم میں ہونے والے بحث و مباحثوں سے بحری قزاقی کے خاتمے کے لیے تعاون، ناگہانی آفات میں امدادی آپریشنز ، سمندر میں بشمول آبدوز کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، پلاننگ اور کولیشن ملٹری آپریشنز اور انسانی سمگلنگ کو روکنے کے لیے قانون کی بالادستی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔ جب کہ عالمی سی پاور سمپوزیم میں پاک بحریہ کے سربراہ کی شرکت خطے میں امن و استحکام کے عزم اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں مشترکہ تعاون میں پاک بحریہ کی کاوشوں کی عکاس ہے۔