بھارت خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سنجیدہ نہیں-سیاسی سماجی رہنما

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بھارت کی جانب سے مذاکرات منسوخ کرنے اور گیڈر بھبکیوں پر سیاسی رہنمائوں نے اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بھارت سنجیدہ نہیں۔سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ مذاکرات بحالی کے بعد مکر جانا بھارتی حکومت کے انتہا پسندوں سے خوفزدہ ہونے کا نتیجہ ہے۔ ہندو انتہاپسند انسانیت کے دشمن ہیں۔ مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتوں کو بھارت میں مذہب کے نام پر قتل کیا جارہا ہے ۔پاسبان کے سیکریٹری جنرل عثمان معظم نے کہا ہے کہ وزرائے خارجہ ملاقات کو منسوخ کرکے بھارت نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔دنیا پر واضح ہوگیا کہ بھارت برصغیر میں امن کے قیام میں مخلص نہیں۔دنیا بھر کے ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو امریکہ اور اسرائیل کی سرپرستی حاصل ہے، جس کے نتیجے میں وہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق رائے دہی دینے میں بنیادی رکاوٹ ہے۔پاکستان یکجہتی کونسل کے قاری سجاد تنولی اور مفتی عبدالقادر جعفر نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کے جواب میں را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو پھانسی پر لٹکایا جائے۔قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ۔انہوں نے وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی بلندی درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہدا قوم کے ماتھے کے جھومر ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More