سابقہ منگیتر دلہن اٹھا کر لے گیا – اہلخانہ کا احتجاج

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد میں سابق منگیتر ساتھیوں کی مدد سے بیوٹی پارلر سے دلہن اغوا کرکے لے گیا، دلہن کے گھر والوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد سخی حسن 2K بس اسٹاپ کے قریب واقع بیوٹی پارلر کے باہر سے لڑکی کا سابقہ منگیتر محمد علی اپنے 3 ساتھیوں کیساتھ کار میں مبینہ طور پر قرة العین دختر عبدالعزیز نامی دلہن کو اغوا کرکے فرار ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع پا کر دلہن کے اہل خانہ نے تیموریہ تھانے کے باہر احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اغوا میں ملوث سابقہ منگیتر محمد علی کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ ایس ایچ او چوہدری طفیل نے امت کو بتایا کہ واقعے میں ملوث محمد علی کیساتھ مغویہ کی کچھ عرصہ قبل منگنی ہوئی تھی اور ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد مغویہ کے اہل خانہ نے اس کی شادی دوسری جگہ طے کردی تھی، 30 ستمبر کو مغویہ کی شادی تھی اور گھر میں رسمیں چل رہی تھیں۔ ایس ایچ او کا مزید کہنا تھا کہ مغویہ اور اس کا منگیتر لیاقت آباد ایف سی ایریا کے رہائشی ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق واقعے سے قبل مغویہ اور اس کے سابق منگیتر کا فون پر آپس میں رابطہ بھی ہوا تھا۔ پولیس نے مغویہ اور ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More