کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر میں قبضہ مافیا نے صدر پاکستان کو بھی نہیں چھوڑا، قبضہ مافیا نے عارف علوی کے 400 گز کے پلاٹ کو کٹنگ کے بعد بیچ ڈالا، متاثرین کا کہنا ہے کہ ڈی جی کے ڈی اے مسائل حل کرنے میں ناکام ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 10میں قبضہ مافیا نے صدر مملکت عارف علوی کے 400 گز کے پلاٹ پر قبضہ کرکے اسے بیچ دیا۔ ذرائع کے مطابق عارف علوی نے مذکورہ پلاٹ 1978 میں خریدا تھا، جبکہ 40 سال قبل پلاٹ کی مالیت 50 ہزار روپے تھی۔ ذرائع کے مطابق عارف علوی نے عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن، تحریک انصاف کو اثاثوں میں اپنا پلاٹ ظاہر کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف علوی کی جانب سے کے ڈی اے میں 28 فروری 2017کو درخواست بھی دی گئی تھی ،تاہم انہیں تاریخیں ملتی رہیں اور تاحال کوئی کارروائی نہ کی جاسکی، ذرائع کے بقول خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پلاٹ کے ڈی اے افسران کی ملی بھگت سے فروخت کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کے ڈی اے افسران کی ملی بھگت سے پہلے پلاٹ کے نمبر تبدیل کیے پھر اس کی کٹنگ کی گئی ۔اس کے بعد اسے بیچ دیا گیا، ذرائع کے مطابق مذکورہ پلاٹ پر2011ءمیں مکان بھی تعمیر کیا گیا تھا۔ گلستان جوہر بلاک 10 میں صرف صدر عارف علوی کے ساتھ یہ واقعہ پیش نہیں آیا ،بلکہ درجنوں شہری ایسے ہیں ،جو اپنے پلاٹوں سے محروم ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی معاملے میں دلچسپی نہیں لیتے، یہی وجہ ہے کہ ڈی جی کے پاس درخواستوں کا انبار لگا ہونے کے باعث شہریوں کے مسائل حل نہیں کیے جاتے۔