کنٹرول لائن پر بھارتی فوجی نقل و حرکت تیز

0

نئی دلی/ اسلام آباد (امت نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) جنگ اور سرجیکل اسٹرائیک کی مسلسل دھمکیاں دینے والے بھارت نے کنٹرول لائن پر فوجی نقل و حرکت تیز کردی ہے۔توپ خانہ، ہیلی کاپٹرز اور اضافی فوجی دستوں کی ایل او سی پر منتقلی شروع کر دی گئی ہے۔ جنگی جنون کو ہوا دینے کیلئے بھارت بھر میں نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کے حوالے سے سہ روزہ تقریبات کا آغاز کردیا گیا ہے۔جمعہ کو مودی نے جودھ پور میں تینوں مسلح افواج کے سالانہ اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کو دبانے کی بھارتی ہتھکنڈوں کے حوالے سے رپورٹ بھی زیر بحث لائی گئی۔ پاکستانی مسلح افواج کی جانب سے بھارتی نقل و حرکت پر بغور نظر رکھی جارہی ہے۔دشمن کے عزائم، انتہا پسند ہندوؤں کے غرور کو پامال کرنے کیلئے پاکستانی مسلح افواج بھی تیار ہیں۔ پاک فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کی جانب سے دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لئے ایل او سی پر اگلے محاذوں کے دورے شروع ہوگئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تمام سرحدوں کی حفاظت کیلئے قوم متحد ہے۔ دفاع کیلئے فوج کی تمام تر ضروریات پوری کی جائیں گی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دشمن کو سبق سکھانے کیلئے تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جنگ اور سرجیکل اسٹرائیک کی مسلسل دھمکیاں دینے والے بھارت نے کنٹرول لائن پر فوجی نقل و حرکت تیز کردی ہے۔ توپ خانہ، ہیلی کاپٹرز اور فوجی دستے ایل او سی پر منتقلی شروع کردی گئی ہے۔ اسی تناظر میں جمعہ کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جودھ پور میں اپنی تینوں مسلح افواج کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں بھارتی وزیر دفاع نرملا ستیارمن، وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام، تینوں افواج کے سربراہوں نے شرکت کی۔اجلاس میں تینوں مسلح افواج کی جانب سے جنگ کیلئے تیاری کے حوالے سے اپنی رپورٹیں پیش کی گئیں اور اس ضمن میں مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کی تحریک و انہیں دبانے کے لئے بھارتی فورسز کے مظالم کے بارے میں ایک رپورٹ بھی زیر بحث لائی گئی۔اجلاس میں چین کی سرحدوں کی صورتحال، بھارت سے متعلق سمندری حدود میں علاقائی طاقتوں کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثنا مودی سرکار نے بھارت میں جنگی جنون کو ہوا دینے کیلئے 29ستمبر 2016 کو آزاد کشمیر پر نام نہاد سرجیکل حملے کے دن کے طور پر منا رہا ہے۔ اس ضمن میں 28سے 30 ستمبر تک 3روزہ تقریبات ’’پراکرم پرے‘‘ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس دوران 51شہروں میں تقاریب ہوں گی۔ سرجیکل حملے کے شواہد دنیا کے سامنے نہ لانے کی وجہ سے شرمندگی سے دوچار بھارتی فوج نام نہاد سرجیکل حملے کا دن منانے کے حکومتی فیصلے سے ناخوش ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ متعدد ریٹائرڈ اور حاضر سروس فوجی افسران کا کہنا ہے کہ مودی حکومت فوج کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کرے۔ ریٹائرڈ بھارتی بریگیڈیر سندیپ تھاپر کا کہنا تھا کہ ہدف کو فوج مکمل کرتی ہے، اس کے بعد جو کچھ ہو وہ سیاست ہے۔بھارتی فوج نے گزشتہ برس سرجیکل حملے کا پہلا دن نہیں منایا تھا، اسی وجہ سے وہ حکومتی اعلان پر حیران رہ گئی تھی۔ ریٹائرڈ جنرل ایچ ایس پناگ نے بڑ لگائی کہ بھارتی فوج تو ایسے کام کرتی ہی رہتی ہے۔ نئی دہلی میں انڈیا گیٹ پر پہلے روز کی تقریب کی مہمان خصوصی بھارتی وزیر دفاع تھیں۔ باخبر ذرائع نے ‘‘امت’’ کو بتایا ہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فوجی نقل و حرکت میں تیزی آنے ، ہیلی کاپٹروں، توپ خانے اور اضافی فوجیوں کی منتقلی پر بغور نظر رکھی جا رہی ہے۔ انتہا پسند بھارتی قیادت کے عزائم اور غرور کو پامال کرنے کیلئے پاکستانی مسلح افواج بھی تیار ہیں۔ پاک فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کی جانب سے دشمن کے عزائم ناکام بنانے کے لئے ایل او سی پر اگلے محاذوں کے دورے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ادھر جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیکورٹی، خطے کی سلامتی کی صورتحال اور بھارتی دھمکیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عسکری قیادت نے دہشت گردی کیخلاف کارروائیوں و نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا گیا۔ سیاسی و عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔آرمی چیف نے وزیر اعظم کو یقین دلایا ہے کہ پاک فوج ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کو تیار ہے۔ اگر دشمن نے کسی بھی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے سبق سکھا دیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن ملکی دفاع سے غافل نہیں رہ سکتے۔ سرحدوں کی حفاظت کے لئے پوری قوم متحد ہے اور اس سلسلے میں پاک فوج کی ہر ضرورت پوری کی جائے گی۔ پاکستان خطے میں اہمیت کا حامل ہے اور خطے کے استحکام و ترقی کے لئے کردار ادا کرے گا۔ سعودی عرب و چین سی پیک میں اہم شراکت دار ہیں۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More