متعدد معاہدوں کیلئے سعودی وفد اسلام آباد پہنچ گیا

0

اسلام آباد(ویب ڈیسک) دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کا اعلیٰ وفد اسلام آباد پہنچ گیا تاہم سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر آج پاکستان آئیں گے ۔سعودی وفد پاکستان میں 6روز قیام کرے گا۔اس دوران کئی اہم معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں، پاکستان سعودی عرب کو ایل این جی میں شراکت داری، داسو اور دیامر بھاشا ڈیم میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دے گا۔ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے لیے گرانٹ کے معاملے اور ادھار تیل سپلائی پر بھی بات چیت متوقع ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام اور پاکستان کو تاخیری ادائیگیوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سمیت 5اہم ایم او یوز پر دستخط متوقع ہیں۔سعودی عرب کی جانب سے بلوچستان کے ریکوڈک منصوبے میں سونے اور تانبے کی تلاش میں سرمایہ کاری اور پاکستان کو فاسفیٹک کھاد کی فراہمی کے ایم او یوز پر دستخط کا بھی امکان ہے۔سعودی وفد گوادر پورٹ اور ریکوڈک منصوبے کا دورہ بھی کرے گا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ادھار تیل اور مالی امداد کے عوض سعودی عرب کو ریکوڈک منصوبہ اور ایل این جی پاور پلانٹس میں بلین ڈالرزکی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔وزارت کامرس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب کو سونے اورتانبے کے ذخائر کے حامل ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے، اس معاہدے پرآج مزید مذاکرات ہونگے جبکہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں معاہدے پر آج ہی دستخط کردیئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کو ملٹی بلین ڈالرز کے حامل گوادرمیں آئل ریفائنری کے قیام اور پنجاب میں موجود ایل این جی پاور پلانٹس میں بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کی جا چکی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More